17 جون ، 2012
مکة المکرمہ … سعودی ولی عہد شہزادہ نائب بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مختلف ممالک کے سربراہوں نے شرکت کی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ مسجد الحرام مکة المکرمہ میں ادا کی گئی جس میں شاہ عبداللہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد سمیت کئی ممالک کے سربراہوں اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ شہزادہ نائف کی نماز جنازہ میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ نائف بن عبدالعزیز کو پورے اعزازات کے ساتھ حرم شریف میں سپرد خاک کیا جائے گا۔شہزادہ نائف کچھ عرصے علیل رہنے کے بعد ہفتہ کی صبح 78سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ سعودی ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز ایک عظیم رہنما ہونے کے ساتھ ایک ہمدرد شخصیت کے طور پر مسلم دنیا میں جانے جاتے تھے، وہ گورنر ریاض سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے، شہزادہ نائف بن عبدالعزیز نے شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز کے انتقال کے بعد 2011ء میں ولی عہد کی ذمے داریاں سنبھالیں۔ شہزادہ نائف نے چین فرانس ،اردن سے اعلی اعزازات اور تمغات حاصل کیے۔ دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی منظم کوششوں کے باعث انہیں مضبوط رہنما تصور کیا جاتا تھا۔ شہزادہ نائف نے فلسطین اور لبنان سمیت کئی ملکوں کے مسلمانوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹیلی تھون مہم کے ذریعے خطیر امدادی رقوم بھی اکٹھی کروائیں۔