14 ستمبر ، 2016
کراچی میں عیدالاضحی کےدوسرے روز بھی قربانی کے ساتھ ساتھ صفائی مہم بھی جاری ہے ۔بلدیاتی عملے نے کچھ علاقوں کو تو آلائشوں سے صاف کرلیا ہے تاہم بعض علاقے اب بھی توجہ کے طالب ہیں ، تعفن اٹھنے سے پریشان شہریوں نے جلد از جلد صفائی کا مطالبہ کردیا۔
عید قرباں پر ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کی جانب سے آلائشیں اٹھانے کےلیے خصوصی مہم جاری ہے ۔کراچی میں شہر کی مرکزی شاہراہوں پر صفائی کی صورتحال مناسب ہے ۔تاہم مختلف رہائشی علاقوں اور اپارٹمنٹس سے اب تک آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکیں جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔
کراچی کی جیل چورنگی کےقریب پل کےنیچےاورکہکشاں سوسائٹی ملیر ہالٹ بلال مسجد کے قریب بھی آلائشوں کے ڈھیرلگے ہیں، علاقے میں تعفن کی وجہ سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔علاقہ مکین کا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی اپنی مدد آپ کے تحت دو بار آلائشیں ٹھکانے لگائیں۔
ادھرلاہور میں بھی آلائشیں اٹھانے کا کام دوسرےدن بھی جاری ہے ۔تاہم کچھ علاقوں کواب تک مکمل صاف نہیں کیا جاسکا ہے ۔