18 جون ، 2012
پیرس … فرانس میں قومی اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کے نتائج کے مطابق سوشلسٹ پارٹی کو قومی اسمبلی میں برتری حاصل ہوگئی، پاکستانی کمیونٹی نے سوشلسٹ پارٹی کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ فرانس میں ہونیوالے پارلیمانی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق سوشلسٹ پارٹی کو 577 میں 320 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ سابق صدر نکولس سرکوزی کو 212 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ اس طرح سوشلسٹ پارٹی انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق قانون سازی کی پوری طرح اہل ہوگئی ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سوشلسٹ پارٹی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے انتخابات کا آخری مرحلے میں سوشلسٹ پارٹی کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا۔