22 جون ، 2012
گال …تلکرتنے دلشان اور کمار سنگاکارا کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ گال میں جاری میچ کے پہلے دن سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، دوسری وکٹ کی شراکت پر تلکرتنے دلشان اور کمار سنگارا نے 124 رنز جوڑے، دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں، دلشان 101 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، جب پہلے دن کھیل ختم ہوا تو سری لنکا کا اسکور 2 وکٹ پر 300 رنز تھا، کمار سنگاکارا 111 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں، کپتان مہیلا جے وردنے بھی 55 رنز کے ساتھ ناٹ آوٴٹ ہیں۔ سعید اجمل دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر ہیں۔