20 نومبر ، 2016
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ جلا وطن نہیں، عنقریب آپ سے پاکستان میں ملوں گا ۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں حامد میر سے گفتگوکرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ وہ جلا وطن نہیں ہیں ،عنقریب آپ سے پاکستان میں ملاقات ہوگی، جب ان سے پوچھا گیا کہ عنقریب کا مطلب کچھ دن ہے یا کچھ ہفتے ، اس پر انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتے۔
حامد میرنے سوال کیا کہ عمران خان اعتزاز احسن کی تعریف اور آپ پر تنقید کرتے ہیں ، اس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاندنی ، چاندنی کا مطلب ہے ’’پرائم منسٹر شپ‘‘ ۔
کراچی میں کچرے کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شہریوں کو جلد خوشخبر ی ملے گی، وزیراعلیٰ نےرپورٹ دی ہےچین کی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے،اس پرجلد کام شروع کرنے والے ہیں۔
سابق صدر نے پاناما لیکس اور ملک کی سیاسی ہلچل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر بھی بات کی۔آصف علی زرداری کا تفصیلی انٹرویو جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں پیر رات 8 بج کر 5 منٹ پرنشر کیا جائے گا۔