20 نومبر ، 2016
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے، وہی اس کا فیصلہ کرے گی۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے فاٹا کےانضمام پر ریفرنڈم کی مخالفت کردی۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کہتے ہیں کہ اسرائیل اور بھارت سب سے بڑے دہشت گرد ممالک ہیں ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان،چیئرمین سینیٹ رضاء ربانی اور وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اے این پی کے رہنما حاجی عدیل مرحوم کےخاندان سے تعزیت کے لئے پشاور پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو میں اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر بھی کرپشن کے الزامات ہیں۔
سینیٹ کے چیئر مین رضاء ربانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت سب سے بڑے دہشت گرد ممالک ہیں ، بھارت"را " کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے ۔
وفاقی وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے پر ریفرنڈم کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس سال کے آخر تک آئی ڈی پیز کی واپسی کو ممکن بنایا جائے گا ۔