20 نومبر ، 2016
پاکستان سے 14 افراد داعش کے ساتھ مل کر لڑنے کے لیے شام اور افغانستان پہنچ گئےہیں ۔
جیو نیوز نے داعش میں شامل ہونے اور شام وافغانستان جانے والے افراد سے متعلق دستاویزات حاصل کی ہیں ۔ دستاویز کے مطابق داعش سے مل کر لڑنے کے لیے 14پاکستانی دو ہفتے پہلے شام اور افغانستان پہنچ گئےہیں ۔
دستاویز کےمطابق داعش کے لیے بھرتی اسلام آباد اور پنجاب کے بعض بڑے شہروں میں ہونے کا انکشاف ہوا جن میں لاہور، سیالکوٹ،قصور اور گوجرانوالہ بھی شامل ہیں۔افغانستان اور شام جانے والوں میں مرد ہی نہیں خواتین بھی شامل ہیں۔
دستاویزکے مطابق شام میں موجود قاری عابد بذریعہ سوشل میڈیا پاکستان میں داعش کے لیے ذہن سازی کرتا ہے، قاری عابد تیار ہونے والوں کا اپنے بھانجے نبیل احمد سے رابطہ کرا دیتاہےجنہیں بعد میں افغانستان اور شام بھجوا دیا جاتا ہے۔