پاکستان
21 نومبر ، 2016

شہدائے کربلا کا چہلم،سیکورٹی سخت،موبائل فون وڈبل سواری بند،ماتمی جلوس برآمد

شہدائے کربلا کا چہلم،سیکورٹی سخت،موبائل فون وڈبل سواری بند،ماتمی جلوس برآمد

 

شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سندھ بھر میں موبائل فون سروس آج 12بجےسے رات 10 بجے تک بند رہے گی۔ گلگت بلتستان، پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی موبائل فون سروس دن 12 بجے سے بند کردی جائے گی۔

شہدائے کربلا کا چہلم اور دفاعی سامان کی نمائش آئیڈیا 2016 ءکے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں، کراچی میں ایم اے جناح روڈ سے متصل گلیوں کو کنٹینرزلگاکر سیل کردیا گیا، سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے، لیاری ایکسپریس وے شام سے بند کر دی جائےگی۔

کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے،سی ویو پر خلاف ورزی کرنے والے 100 افراد کوگرفتار کرلیا گیا،پولیس نے 50 موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لیں،جیکسن کے علاقے سے 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حویلی آصف شاہ اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہواہے۔ لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا صاحبؒ کا آخری روز ہے، جس کی وجہ سے سیکورٹی کےسخت انتظامات ہیں،6 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سےچہلم کے جلوس کی مانٹیرنگ کررہے ہیں۔

جلوس کے روٹس اور عرس کے راستوں پر 180 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈی سی او آفس میں قائم مانیٹرنگ سیل سے ان کی نگرانی کی جائے گی ،سیکورٹی انتظامات کے تحت داتا دربار اور کربلا گامے شاہ کی طرف جانے والے راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کرکے بیئریئر اور خاردار تار لگا دئیے گئے ہیں ۔

عرس کے دوسرے روز زائرین پیدل دربار کی جانب جا رہے ہیں،انہیں واک تھرو گیٹس سے گزار کر داتا دربار اور کر بلا گامے شاہ کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی ہے،اس موقع پر گورنمنٹ سنٹرل ماڈل اسکول میں میڈیکل کیمپ لگا یاگیا ہے،داتا دربار اور کر بلا گامے شاہ کے اردگرد لائیٹس لگانے کے ساتھ جنریٹرز بھی لگا دئیے گئے ہیں،پیر کےروز لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی۔

پشاور میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں آج دوسرے روز بھی مجالس منعقد اور ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔پشاور میں چہلم امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ اور دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں آج مختلف امام بارگاہوں میں مجالس ہوں گی۔ علم و ذوالجناح کے جلوس بھی برآمد ہوں گے۔ امام بار گاہ علمدار میں پشتو مجلس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس کے بعد علم غازی عباس کا جلوس برآمد ہو گا۔ اسی طرح امام بار گاہ اخوند آباد سے ذوالجناح کا جلوس نکالا جائے گا جو روایتی راستوں سے گزر کر واپس اسی امام بار گاہ پر ختم ہو گا۔

مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار سے بھی جلوس ذوالجناح برآمد کیا جائے گا۔ سہ پہر 3 بجے کے قریب یہ تینوں جلوس تاریخی قصہ خوانی بازار میں اکٹھے ہوں گے اور مشترکہ جلوس کی شکل میں روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی اپنی امام بار گاہ پر ختم ہوں گے۔ چہلم کے موقع پر تقریبا ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، اس دوران پشاور میں موبائل فون سروس معطل رہنے کا امکان ہے۔

ملتان میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا چہلم انتہائی مذہبی جوش و جزبہ سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ملتان ضلع  میں چہلم کے حوالے سے 23 مقامات پر مجالس عزاء برپا کی جا رہی ہیں جن میں 8 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں 8 مقامات سے برامد کئے جانے والے ماتمی جلوسوں میں 3 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ملتان میں پہلا مرکزی جلوس علمدار چوک سے برآمد ہو گا جو امام بارگاہ اللہ بخش پر اختتام پزیر ہو گا جبکہ دوسرا بڑا مرکزی جلوس امام بارگاہ جوادیہ سے برآمد ہوکر امام بارگاہ شاہ شمس پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا، 3 ہزار سے زائد پولیس افیسران اور اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے جبکہ جلوس کے راستوں کی کلوز سرکٹ کیمروں سے مانٹرنگ بھی کی جائے گی۔

کوئٹہ میں شہدا کربلا کی چہلم کے موقع پر شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،جلوس کے مقررہ راستوں پر رکاوٹیں لگا کر بند کردئیے گئے ہیں،کوئٹہ میں شہدا ئے کربلا کی چہلم کی مناسبت سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

چہلم کےجلوسوں کی سیکورٹی کے لئے پولیس فورس کے 3 ہزار500 اہلکار تعینات ہیں جبکہ مقررہ روٹ پرتمام دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور روٹ سے منسلک تمام راستوں کو خاردار تاروں، قناتوں اور ٹرک کھڑا کر کے بند کر دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں اور شہر اور نواحی علاقوں میں پٹرولنگ بھی جاری ہے۔

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس کچھ دیر بعد علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ہے، جو طوغی روڈ،سر ا ئے نمک ،مری آباد سے ہوتا ہوا بہشت زینب قبرستا ن پر اختتا م پذیر ہوگا ۔

مزید خبریں :