23 نومبر ، 2016
ایرانی سیکورٹی فورسز نے اپنی بحری حدود کی خلاف ورزی کےالزام میں 12پاکستانی ماہی گیروں کوگرفتارکرلیا۔
گوادر ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز ایرانی فورسز نے بحیرہ عرب میں ایرانی حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں 12پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی 5کشتیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔
گوادر ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایران کی جانب سے گرفتار کئے گئے ماہی گیرجیوانی سے تعلق رکھتے ہیں،وہ بحیرہ عرب کی پاکستانی حدود میں ماہی گیری کررہے تھے ۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل بلوچ نے جیو نیوز کو بتایا کہ جیوانی کے ماہی گیروں کی بازیابی کےلئےایرانی حکام سےرابطہ کیاہے جبکہ ان کی گرفتاری پرایرانی حکام سےاحتجاج بھی ریکارڈ کرادیاگیا ہے، امید ہےماہی گیروں کو جلد چھوڑ دیاجائےگا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گزشتہ ماہ بھی ایرانی فورسز نے30ماہی گیر گرفتارکرکےان کی کشتیاں قبضےمیں لےلی تھیں، ماہی گیروں کوتو بعد میں تفتان سرحد پر لاکر چھوڑ دیاگیاتھا،، تاہم تاحال ان کی کشتیاں اورماہی گیری کاسامان واپس نہیں کیاگیا۔