پاکستان
23 نومبر ، 2016

بھارتی فوج کی وادی نیلم میں بس پر فائرنگ،9شہری شہید

بھارت جنگی جنون میں اندھا ہوگیا، بھارتی فوج نے وادی نیلم میں مسافر بس پر گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 9شہری شہید ہوگئے،زخمیوں کو لینے کے لیے آنے والی ایمبولینس کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے بھارت نے پیروں تلے روند ڈالے، دھماکوں کی گونج میں انسانیت کی دھجیاں اڑادیں، پاکستان آرمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں،جب ہی بھارتی فوج نے ایک ہفتے میں دوسری بارنہتے پاکستانی شہریوں کو اپنی وحشت کا نشانہ بنایا، دھوکے سے وار کرکے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا۔

وادی نیلم کے علاقے ڈھنڈیال کے قریب مسافر بس پر بندوقوں کے منہ کھول دیے، فائرنگ کرکے دو بچوں سمیت نو شہریوں کو شہید اور کئی کو زخموں سے چور کردیا، ان شہریوں کو جن کا اس لڑائی سے کوئی لینا دینا نہیں، پیٹھ پیچھے وار کرنے والے دشمن نے زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس کو بھی نہ چھوڑا اس پر بھی فائرنگ کی۔

کنٹرول لائن پر آؤٹ آف کنٹرول ہونے والے بھارت کے کرتوت دنیا کے سامنے آچکے ہیں، نہ بین الاقوامی قوانین کی پروا کرتا ہے، نہ امن کی زبان سمجھتا ہے، نہ جنگ بندی معاہدوں کا پاس رکھتا ہے، صرف گولی کا جواب سمجھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی کئی چوکیاں تباہ کردی گئیں، بھاری جانی نقصان کی اطلاعات بھی ملی ہیں، بھارت حالیہ چند ماہ کےدوران 230 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، ورکنگ باؤنڈری پر38 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 41شہری شہید اور 127 زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :