23 جون ، 2012
اسلام آباد … ملک کے میدانی علاقوں سے گرمی کی شدت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، سبی، تربت اور نور پورتھل میں درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر مزید 24 گھنٹے تک جاری رہے گی۔ ہفتے کے روز ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم خشک اور سخت گرم رہاتاہم مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، راول پنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ سبی، تربت اور نورپور تھل میں سب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 46، سکھر میں 45، بنوں، ڈی آئی خان، جہلم، میانوالی اور نواب شاہ میں 44 جبکہ اسلام آباد، لاہور، ملتان، بہاولنگر، ڈی جی خان اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ فیصل آباد، پشاور اور مظفرآباد میں 42، کراچی اور گلگت میں 34، کوئٹہ میں 33 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ رہا۔