26 نومبر ، 2016
جنرل قمر جاوید باجوہ نئے آرمی چیف بن گئے، وزیراعظم میاں نواز شریف نے تین سال کے لیے انہیں پاک فوج کا سربراہ مقرر کر دیا، جبکہ جنرل زبیرحیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا گیا ہے۔
نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات کو لیفٹیننٹ جنرلز سے جنرل کے عہدے پر تقرری دی گئی ہے۔
نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تعلق انفرنٹری بلوچ ریجمنٹ سے ہے، ان سے قبل جنرل یحییٰ خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا۔
جنرل قمرجاوید باجوہ بطور بریگیڈ کمانڈر کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی کمان بھی سنبھال چکے ہیں، وہ انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوویشن (جی ایچ کیو)تھے جبکہ وہ کورکمانڈرراولپنڈی بھی رہ چکے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیے جانے والے جنرل زبیر حیات چیف آف جنرل اسٹاف، جی او سی سیالکوٹ، ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن اور اسٹاف ڈیوٹیز ڈائریکٹریٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔
جنرل زبیرحیات کاتعلق فوجی گھرانے سے ہے، ان کے والد میجر جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے، ان کے ایک بھائی لیفٹیننٹ جنرل عمرحیات پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ کے چیئرمین ہیں جبکہ دوسرے بھائی میجر جنرل احمد محمود حیات ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اینلیسز ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کی ایڈوائس پر صدرمملکت ممنون حسین نےلیفٹیننٹ جنرل جاوید قمر باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل زبیرحیات کو جنرل کے عہدوں پر ترقی دی، دونوں کا تعلق 62ویں لانگ کورس سے ہے۔
جیونیوز نے سب سے بڑی اور سب سے اہم خبرسب سے پہلے اپنے ناظرین تک پہنچا کر اپنی روایت برقرار رکھی۔