پاکستان
23 جون ، 2012

افغانستان کیلئے نیٹو سپلائی کو مستقبل بنیادوں پر بند رکھا جائے، مولانا عصمت اللہ

کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے مرکزی امیر اور رکن قومی اسمبلی مولانا عصمت اللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کیلئے نیٹو سپلائی کو مستقل بنیادوں پر بند رکھا جائے یہ ملکی مفاد کے ساتھ ساتھ افغانستان کے مفاد کے بھی خلاف ہے۔ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس میں جے یو آئی نظریاتی کے امیر مولانا عصمت اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ملکی حالات پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ مولانا عصمت اللہ نے کہا کہ نیٹو سپلائی پر جے یو آئی نظریاتی کا موٴقف بالکل واضح ہے یہ ملکہ مفاداور ہماری آزادی کے خلاف ہے جبکہ امریکا نے ہم سے سلالہ واقعے پر معافی بھی نہیں مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت پارلیمنٹ میں کسی جماعت کے کردار سے مطمئن نہیں تھی اس لئے وزیراعظم کے انتخاب میں غیرجانبدار رہنے کافیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نظریاتی پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ عام و بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

مزید خبریں :