24 جون ، 2012
مری…مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت میں ملک چلانے کی کوئی صلاحیت ہے نہ ہی کوئی ہنر اور تجربہ،وہ ہر شعبے کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔ مری میں جیھلکا گلی کے متاثرین میں چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بار بار کے وعدوں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کرسکی ، گذشتہ چار سالوں میں بجلی بحران کا ایک فیصد بھی حل نہیں نکالا گیا ، انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے وعدے کئے گئے لیکن صورتحال مزید ابتر ہوتی ، قابل افسوس ہے کہ ملک کے ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود یہاں 20،20گھنٹے بجلی نہیں ہوتی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہر ادارے سے کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہیے ، سپریم کورٹ چاہتی ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی خود مختاری کو تباہ کیا ، ڈرون حملوں کو آج تک نہیں روکا جاسکا۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت پاکستان کے ساتھ کھیل کھیل رہی ہے ، حکومت کو بلوچستان کے حالات کی کوئی فکر ہی نہیں۔میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک سرکاری سطح پر کوئی پلاٹ لیا اور نہ ہی ڈیوٹی فری گاڑیاں منگوائیں ، حالانکہ وہ ایسا کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا ملک میں ہر ادارے کا احتساب ہونا چاہیے۔