05 دسمبر ، 2016
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے نوجوان پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے سوشل میڈیا کا استعمال کریں اور عالمی رہنماوں تک سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا پیغام پہنچائیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر میں بھارتی جارحیت سے متعلق سیمینار سے خطاب میں نوجوانوں سے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی رہنماؤں تک سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا پیغام پہنچائیں، گزشتہ 5 ماہ میں ہم نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے ، ہر دو طرفہ مذاکرات میں ہم نے کشمیر کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے دل میں بستا ہے،پاکستان کے دشمن اس لیے بنے کیونکہ ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں، بھارت کبھی لائن آف کنٹرول، کبھی ورکنگ باؤنڈری کو گرم کر رہا ہے،یہ بھارت کے وہ ہتھکنڈے ہیں جو بھارت کشمیر میں اٹھنے والی آواز کے خوف سے کر رہا ہے،بھارت کشمیرمیں نسل کشی کر رہا ہےوہاں آبادیاتی تبدیلی لائی جا رہی ہے،وہاں اب مسلمانوں کی آبادی کم ہو کر 68 فیصد رہ گئی ہے۔
نفیس زکریا نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے ثبوت پیش کیے،کشمیر میں آج تک 18 اجتماعی قتل کے بڑے واقعات ہو چکے ہیں،کشمیر میں حریت رہنماؤں کو نظر بند کرنے کی مذمت کرتے ہیں،جو لوگ مقبوضہ کشمیر میں گرفتار کیے گئے ان کے حوالے سے تشویش ہے کہ کیا وہ زندہ بھی ہیں؟
نفیس زکریا نے کہا کہ ہم نے عالمی برداری سے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجیں،کشمیر پاکستانیوں کے دل میں بستا ہے۔