پاکستان
05 دسمبر ، 2016

کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، فاروق ستار

کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، فاروق ستار

 

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو سیاسی وابستگی پر گرفتار اور ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، انہوں نے پولیس حراست میں ہلاک وسیم راجا کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔

پولیس حراست کے دوران ہلاک کارکن وسیم راجا سے متعلق پریس کانفرنس میں فاروق ستار نے کہا کہ وسیم کو 5 روز تک زیرحراست رکھا گیا جس کے بعد خودکشی کا ڈراما رچایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قصبہ اور علی گڑھ کالونی میں پولیس ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں کو گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل کررہی ہے ،ہم خود سوال اٹھارہے ہیں کہ ایسا کیوں ہورہا ہے؟کچھ لوگوں کو پولیس کہتی ہے کہ سیاسی وفاداری تبدیل کرلو، وزیر اعلیٰ واضح کریں کیا یہ سب ان کی سرپرستی میں ہورہا ہے ، ایم کیو ایم کو خدمت اور سیاسی سرگرمیوں سے روکا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ یہی رویہ رکھا جائے گا تو اس کا نتیجہ صحیح نہیں نکلے گا، ہم نے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کو ہر فورم پر اٹھایا ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کسی پولیس والے کو نہ بچایا جائے، وسیم احمد کی نماز جنازہ کل اورنگی نمبر 5 میں ادا کی جائے گی ۔

مزید خبریں :