09 دسمبر ، 2016
ارشدوحید چوہدری...مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کی ری انٹری ہوگئی، پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا استعفیٰ تو دور کی بات ہے عمران خان کو نوازشریف کی کسی پرانی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن بھی نہیں دیں گے۔
وزیر مملکت انوشہ رحمان اور مشیر قانون بیرسٹر ظفر اللہ کے ہمراہ اسلام آبادمیںمیڈیا سے گفتگو میں سینیٹر پرویز رشیدنے مزید کہا کہ عمران خان نے خود کمیشن کا مطالبہ کیا لیکن عادت کے مطابق یو ٹرن لے لیا، عدالت عظمیٰ کو دھمکی دی، آپ کا مقدمہ اسی دن ختم ہو گیا تھا جب کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے تھے، آپ میں ذرا بھی سچائی اور ضمیر نام کی کوئی چیز ہوتی تو الزامات پہ شرمندہ ہوتے اور عدالت اور قوم کا وقت ضائع کرنے پہ معذرت کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر اور پرویز مشرف نے نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف انکوائریاں کیں، وہ ناکام ہوئے، آج عمران خان کی ناکامی سے بھی سرٹیفکیٹ ملا کہ تمام الزامات جھوٹے تھے۔
سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے مطالبات اخبارات میں پڑھے، جب وہ رابطہ کریں گے تو حکومت ان پہ سنجیدگی سے غور کرے گی۔