09 دسمبر ، 2016
اویس یوسف زئی...سپریم کورٹ آمد پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی چپل ٹوٹ گئی، پارٹی رہنما عثمان ڈار نے کپتان کو اپنے جوتے پہننے کے لیے دیے اور خود عدالت میں ننگے پیر گھومتے رہے۔
عدالتوں کے چکر کاٹتےسائلین کی جوتیاں گھسنے کا محاورہ توآپ نے سن رکھا ہوگا، لیکن پاناما کیس اورچیئرمین تحریک انصاف کامعاملہ ایسا نہیں، کیونکہ ابھی تک سماعتیں صرف 9 ہوئی ہیں، کپتان کی جوتیاں گھسی نہیں بلکہ ٹوٹ گئی ہیں۔
سپریم کورٹ آتےہوئے خان صاحب کاانداز کافی جارحانہ ہوتا ہے لیکن آج رفتار ساتھ نہ دے پائی، سیڑھیاں چڑھتے جوتے کی شرارت پر وہ چونکے، بڑبڑائے بھی رفتار کم کردی لیکن چلتے رہے۔
ایسے میں کپتان کی ٹیم کے کھلاڑی عثمان ڈار آگے بڑھے اپنے جوتے، خان صاحب کو پیش کردیے اور خود ننگے پیر کمرۂ عدالت میں داخل ہوئے سماعت ختم ہوئی تو عثمان ڈار کو احاطۂ عدالت سے کار پارکنگ تک ننگے پاؤں ہی جاناپڑا۔