09 دسمبر ، 2016
طلحہ ہاشمی ...سندھ پولیس میں ایک اور کالی بھیڑ کا انکشاف ہوا ہے، کراچی میں دہشت گردوں کے لیے مخبری کرنے والا اسپیشل برانچ کا اہل کار پکڑا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کے مطابق اندر کے آدمی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم کی پیشگی اطلاع ملزمان کو دی ،مخبری کا بروقت پتا چلنے سے سی ٹی ڈی کراچی کے درجنوں افسران و اہل کار بچ گئے۔
دہشت گردوں کو چھاپے کی اطلاع دینے والے اسپیشل برانچ کے لوکیٹر آپریٹر عرفان کو گرفتارکرلیا گیا،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سید عرفان فرقہ ورانہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو معلومات فراہم کرتا تھا۔
اسپیشل برانچ میں کام کرنے والا حساس ترین لوکیٹر آپریٹر فرقہ ورانہ وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کو چھاپوں کی پیشگی اطلاع دے کر سی ٹی ڈی اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی رسک بنا رہا، لیکن اس کالی بھیڑ کو بالآخر دھر ہی لیا گیا، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف حساس معلومات دہشت گردوں کو دینے کی چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سید عرفان فرقہ ورانہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو معلومات فراہم کرتا تھا، یہ معلومات لاہور سے حاصل کی گئی سم اور موبائل فون کے ذریعے فراہم کی جاتی تھی، جن ملزمان کو معلومات فراہم کی جارہی تھی وہ پہلے ہی انٹیلی جنس اداروں کے ریڈار پر تھے، معلومات دینے کے بعد موبائل فون اور سم توڑ کر نالے میں پھینک دی گئی تھی۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے بعد عدالت میں اس کے خلاف قلندرہ جمع کروادیا، قلندرہ ایک قسم کی چارج شیٹ ہوتی ہے، جو بعض مقدمات میں پیش کی جاتی ہے، یہ سرکاری ملازمین کے خلاف بھی عدالت میں پیش کی جاتی ہے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سید عرفان پر حساس سرکاری معلومات دہشت گردوں کو دینے کا الزام ہے اور اسے برطرف بھی کردیا جائے گا۔