پاکستان
10 دسمبر ، 2016

بلاول کی تحریک سے حکمرانوں کا سکون ختم ہو جائے گا، چانڈیو

بلاول کی تحریک سے حکمرانوں کا سکون ختم ہو جائے گا، چانڈیو

 

مشیر اطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو کے چار مطالبات فوری مانے جائیں، بلاول نے تحریک کا آغاز کیا تو27 دسمبر کے بعد حکمرانوں کے سکون کے دن ختم ہوجائیں گے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم دعوے نہیں کریں گے لیکن عوام کو جگائیں گے، سڑکوں پر لائیں گے،ن لیگ کو پاناما لیکس نے پریشان کیے رکھا ہے، اُن کی کوشش ہے کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف والوں کو غصہ دلائیں۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ پاناما اُن کو نہیں چھوڑے گا لیکن کچھ غلطی ہمارے یاروں کی بھی ہے،اگر کوئی وزیراعظم کاخیرخواہ ہے تو معاملات کو ٹھیک کرے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہت بڑے لیڈر ہیں، ہم ان کے سامنے بچے ہیں، خود کو طرم خان سمجھتے ہیں، سیاسی اتحاد پر نہیں اکیلے فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ جا رہا ہوں، اینٹ سے اینٹ بجادوں گا، جب رائے ونڈ پہنچے تو پھر کہا مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ محرم آرہا ہے۔

مولا بخش چانڈیو کا متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی کسی نے تقسیم نہیں کی، ایم کیو ایم نے خود ہی کردی ہے۔

مزید خبریں :