پاکستان
12 دسمبر ، 2016

جنید جمشید کی میت کی شناخت ہو گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

جنید جمشید کی میت کی شناخت ہو گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

پی آئی اے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں اور ٹی وی اینکر جنید جمشید کی میت کی شناخت ہو گئی، اس بات کی تصدیق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمدنے کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد کا مزید کہنا ہے کہ جنید جمشید کی میت کی شناخت ان کے چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے ہوئی ہے۔

جنید جمشید کی میت کی شناخت ہونے کے بعد ان کی تدفین کے حوالے سے جنید کے بھائی ہمایوں جمشید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ڈی این اے رپورٹ کا انتظار کریں گے، جنید کی نماز جنازہ کے لیے ڈیفنس کراچی میں واقع معین خان اکیڈمی گراؤنڈ فائنل کر دیا ہے،نیشنل اسٹیڈیم میں میچ ہورہےہیں اور پارکنگ کا بھی مسئلہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دانتوں سے جنید جمشید کی شناخت ہوئی ہے، انشاء اللہ پرسوں ہمیں ڈی این اے کے نتائج مل جائیں گے، بدھ کو اسلام آباد جائیں گے وہیں ڈی این اے کی رپورٹ دیکھیں گے، جنید جمشید کی میت بدھ کو کراچی لے آئیں گے۔

جنید جمشید کی میت کی شناخت کے حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر الطاف کا کہنا ہے کہ ایکسرے کے ذریعے جنس اور عمر کا تعین ہوا ہے، میت یہاں سے پمز لے جانے پر بھی غور کیا جا رہاہے، ورثاء کو میت سپرد کرنے کے لیے رابطہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان پمز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید کی میت کی شناخت فرانزک ماہرین نے کی ہے، اب تک 13میتوں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت ہوئی ہے۔

اس سے قبل جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جنید کی میت کی شناخت ہونے کے بعد ان کی میت ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئی تھی،جن کی درخواست پر نیہا جنید کی میت ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی کے سرد خانے میں منتقل کی گئی ہے، نیہا جنید کی میت لاہور روانہ کی جائے گی اور تدفین بھی وہیں ہوگی۔

مزید خبریں :