پاکستان
30 دسمبر ، 2016

کراچی میں آج ایم کیو ایم پاکستان کا جلسہ ہوگا

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے زیراہتمام جمعہ کو نشتر پارک میں عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینر عامر خان اور دیگر اہم رہنما خطاب کریں گے اور مختلف برادریوں سمیت ملک کی سیاست کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔

جلسہ کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقوں، چورنگیوں، چوراہوں پر بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، جبکہ جگہ جگہ ایم کیوایم کے سہ رنگی پرچموں کی بہاردکھائی دے رہی ہے۔ جلسہ کے سلسلے میں ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل، کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی اور دیگر شعبہ جات کے تحت شہر میں چھوٹی بڑی سینکڑوں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔

جن میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور طلبہ و طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نشتر پارک میں جلسہ عام کے انعقاد کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں اپنی بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جلسہ کے سلسلے میں نشتر پارک میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کُل کراچی مقابلہ تقریر ’کراچی پھر کراچی ہے‘ کے عنوان سے منعقد ہوا، تقریری مقابلہ میں طلبہ نے مختلف موضوعات کے علاوہ خصوصا کراچی کے ساتھ ہونے والے نا انصافیوں پر انتہائی تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ اس پروگرام کے اختتام پر خواتین میں چوڑیاں، بچوں میں مختلف رنگوں کی پتنگیںکی تقسیم گئیں اورمختلف اقسام کے کھانوں سمیت دیگر اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔

جلسہ عام کے سلسلے میں کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینر عامر خان نے بھی شہر کی مختلف برادریوں کے سرکردہ رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور مختلف علاقوں میں جاکر لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے اور انہیں جلسہ میں شرکت کی دعوت۔ جلسہ عام کے سلسلے میں نشتر پارک، پی آئی بی کالونی کے چاروں اطراف کو ایم کیوایم کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپس قائم کردیئے گئے ہیںجہاں ایم کیوایم کے ترانے اور نغمے بجائے جارہے ہیں جن کی دھنوں پر عوام و کارکنان والہانہ رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جلسہ عام کے انعقاد کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم (پاکستان ) کا جلسہ کراچی اور اس کے عوام سمیت تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کا ضامن ثابت ہوگا اور اس دن واضح ہوجائے گا کہ ایم کیوایم (پاکستان ) بھر پور عوامی قوت رکھتی ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے دراصل ایم کیوایم کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نشتر پارک میں ہونے والا جلسہ انشاء اللہ تعالیٰ عوام کی بھر پور شرکت سے فقیدا لمثال کامیابی حاصل کرے گا یہ جلسہ تمام افراد کو ملانے اور جڑنے کا سب سے بڑا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں جلسہ کے حوالے سے عوام ہوٹلوں، پارکوں، گلی اور محلوں میں تبصرے اور باتیں کررہے ہیں اور نشتر پارک کا جلسہ ہر خاص و عام کی زبان پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

انہوں نے 30دسمبر کو نشتر پارک میں ہونے والے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلسہ کی کامیابی کے بعد ایم کیوایم (پاکستان ) مخالف عناصراس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہوجائیں گے کہ ایم کیوایم ایک بھر پور عوامی طاقت اور حمایت رکھتی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیراہتمام آج 30دسمبر جمعہ کو ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں نشتر پارک میں جمعرات کی شام سے ہی شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیوں اور جلوسوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث نشتر پارک اور اطراف کے علاقوں میں سارا دن زبردست گہما گہمی دکھائی دی، آج 30دسمبر کو تاریخی نشترپارک میں ایم کیوایم پاکستان کے جلسہ عام کے سلسلے میں تیاریاں عروج پرپہنچ چکی ہیں۔

اس سلسلے میں شہربھرسے نشتر پارک آنے والے تمام راستوں پرکارکنان کی جانب سے استقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں اورراستوں کوبرقی قمقموں،رنگ برنگی جھالروں سے سجایاگیاہے اورتمام راستوں پرپینافلیکس اسکرینیں،ایم کیوایم کے پرچم اورخوش آمدیدکے بینرزآویزاں کیے گئے ہیں جولوگوں کی توجہ کامرکزبننے ہوئے ہیں،اس سلسلے میں نشترپارک میں29دسمبرکی شب ’’ کراچی والے ‘‘کے عنوان سے میوزیکل پروگرام کاانعقاد بھی کیاگیا۔

 

مزید خبریں :