01 فروری ، 2012
کراچی …ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکا سے پاکستان میں مہلک ڈرون حملوں کی وضاحت مانگ لی ہے اورشہریوں کی ہلاکتوں کی صحیح تعدادمنظرعام پرلانے کامطالبہ کردیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل ایشیا پیسفک کے ڈائریکٹرسیم ظریفی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں ڈرون حملوں کے حقائق اور تفصیلات منظرعام پرلائے، یہ بھی بتایاجائے کہ یہ کس بنیاد پرکیے جارہے ہیں اوران کی قانونی حیثیت کیا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی حکام کوہرصورت میں واضح کرنا ہوگاکہ ڈرون حملے کس معاہدے اورقانون کے تحت کیے جارہے ہیں۔ جبکہ ان حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کی صحیح تعداد بھی بتائی جائے، ان کاکہناہے کہ صدراوباما کی جانب سے پاکستان میں ڈرون حملوں کی تصدیق شفافیت کی طرف پہلا قدم ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ٹارگٹڈ ہیں اوران میں سرگرم دہشت گردوں کونشانہ بنایاجارہاہے جن کے نام مطلوب افرادکی فہرست میں شامل ہیں۔گزشتہ روز صدراوباما نے پاکستان میں ڈرون حملے کرنے کا اقرار کیا تھا اورکہا تھا کہ یہ حملے امریکی فوج نہیں سی آئی اے کررہی ہییہ ڈرون حملے انتہائی مطلوب افراد کے خلاف کیے جاتے ہیں۔