01 فروری ، 2012
پشاور…پشاور میں افغان مسئلہ پر کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کے انخلاء کے بعد افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام کوکرناچاہیئے۔اور قیام امن کی ذمہ داری مسلمان ممالک کی افواج کو سونپی جائے۔پشاور میں افغان مسئلہ پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے اختتام پرسابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے مشترکا اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افغان عوام کے مسائل کے حل کا حقیقی معنوں میں ادراک ہونا چاہیے۔ افغان مسئلہ کے حل کے لیے مفاہمت کی راہ ہموار اور تمام فریقوں کو اس میں شامل کیا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ امریکا کے انخلاء کے بعد افغان عوام کو موقع دیا جائے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ اور سیاسی عمل میں تمام افغانوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ افغانستان میں قابض قوتوں کو پاکستان سے لاجسٹک اسپورٹ بند ہونی چاہیے اور پاکستان کو خطہ میں امن کے فروغ کے لیے غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ کانفرنسکے شرکاء قاضی حسین احمد، مولانافضل الرحمان، جنرل ریٹائرڈ حمید گل، سینیٹر افراسیاب خٹک ، بریگیڈئر ریٹائرڈ محمود شاہ، حزب اسلامی کے رہنما غیرت بخیر اور افغان رہنما احمد شاہ احمد زئی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کرنے کیلیے تیار نہیں ہے۔ امریکا کے انخلاء کے بعد افغانستان کی خود مختاری کو یقینی بنانا پڑے گا۔