04 جنوری ، 2017
کسٹمز انٹیلی جنس کی سفارش پر سیکرٹری ایکسائز سندھ نے موٹر رجسٹریشن ونگ کے10 افسران کو معطل کر دیا ۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ہونےوالوں میں اے ای ٹی او، کرم اللہ کلہوڑ ، نثار احمد شہوانی جب کہ ای ٹی او ممتاز علی میرانی، اے ایچ صدیقی، کاشف محمد، شریف علی، علی اکبر، محمد امین، کاشف سومرو اور منصور حلیم شامل ہیں۔
کچھ عرصے سے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے کراچی میں چلنے والی اسمگل شدہ کئی لگژری گاڑیاں پکڑیں، تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی کراچی میں باقاعدہ رجسٹریشن کی جارہی ہے۔
رجسٹریشن کے لئے اسمگلر مافیا کے لوگ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے بعض افراد سے مل کر کسٹمز ڈیوٹی ادائیگی کے جعلی کاغذات بنا کر رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں جمع کراتے تھے۔ کسٹمز انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں90 کے قریب لگژری گاڑیوں کی نشاندہی ہوئی ہے جوکہ جعلی کاغذات پر رجسٹرڈ کرائی گئیں۔
کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل شوکت علی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا اور ان افسران کے خلاف کارروائی کے لئے کہا جس پر سیکرٹری ایکسائز نے10 افسران کو معطل کر کے ان کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔