06 جنوری ، 2017
لاہور کے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کے استعمال اورخرید وفرخت کے واقعات بڑھتے جارہےہیں،چند روز پہلے لاہورمیں تین افراد تعلیمی اداروں کےباہر منشیات فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئےتھے جبکہ پچھلے ماہ نجی یونیورسٹی کا طالب علم نشے کی زیادتی سے جان گنوا بیٹھا تھا۔
پولیس کے مطابق 4جنوری کو لاہورکے مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے کے الزام میں تین افراد کو دھر لیا گیا۔
ملزمان عظیم، معید بٹ اورحسن سے منشیات بھی برآمد کرلی گئیں، وہ تعلیمی اداروں کےباہر طلبہ کو منشیات فروخت کرتےتھے۔
گزشتہ ماہ 13 دسمبر کو لاہورکے پوش علاقے ڈیفنس کی نجی یونیورسٹی کا طالب علم ہاسٹل میں مردہ پایا گیا، پولیس نے اس کے کمرے سے سگریٹ اوردیگر اشیاء اپنی تحویل میں لے لیں۔
طالب علم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی تو انکشاف ہوا کہ اس کی موت نشے کی زیادتی کےباعث ہوئی ہے۔