دنیا
28 جنوری ، 2017

شامی شہر حلب میں جنگ بندی، لوگوں کی واپسی شروع

شامی شہر حلب میں جنگ بندی، لوگوں کی واپسی شروع

 

علی عمران سید...شام کے شہر حلب میں جنگ بندی اور علاقہ کلیئر ہوجانے کے بعد لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا،در در کی ٹھوکریں کھانے کے بعد لوگ بتدریج اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔

مشرقی حلب کے باسی اچانک لڑائی کے دوران گھروں کو چھوڑ کر عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے کے کرب میں طویل عرصے مبتلا رہے، انہیں آئے دن ٹی وی اسکرینوں پربمباری سے بکھرے آشیانے دیکھنا بھی برداشت کرنا پڑا، اب حلب کے شامی اس امید میں واپس آرہے ہیں کہ شاید انکا گھر تباہی سے بچ گیا ہو۔

یہاں پانی اور بجلی غائب ہے، تباہ حال گھروں نے علاقے میں خوفناک ماحول طاری کر رکھا ہے، لیکن شامیوں کا حوصلہ دل دہلا دینے والی تباہی پر ہلکے ہلکے غالب آرہا ہے۔

مشرقی حلب کا صنعتی علاقہ شیخ سعید تباہ ہے، یہاں دکانیں تک تباہ ہو چکی ہیں،جلد روزگار کا کوئی امکان نہیں،کچھ شامی ترکی یایورپ میں طویل قیام کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ رشتہ داروں کے ہاں طویل قیام یا عارضی پناہ گاہوں سے تنگ شامیوں کے پاس ملبے کے ڈھیر پر زندگی گذارنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

مزید خبریں :