10 فروری ، 2017
آسٹریلیا امریکا کا پائدان نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ پر یہ پیغام واضح کرنے کے لیے آسٹریلیا کے ایک سینیٹر نے انوکھا طریقہ اپنایا۔ ایک پریس کانفرنس میں باقاعدہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر سے آویزاں پائدان کی رونمائی کر ڈالی۔
آسٹریلوی سینیٹر نک زینو فون نے کہا کہ یہ پائدان صدر ٹرمپ کو بتانے کے لیے ہے کہ اگرچہ آسٹریلیا، امریکا کا سب سے بڑا اتحادی اور دوست ہے لیکن خارجہ پالیسی معاملات میں آسٹریلیا، امریکا کا پائدان نہیں ہے یعنی امریکہ خطے میں اپنی خارجہ پالیسی آگے بڑھانے کے لیے آسٹریلیا کو پائدان کی طرح استعمال نہیں کر سکتا۔
سینیٹر نک زینوفون کی جانب سے یہ ردعمل گزشتہ ماہ کی اُس فون کال کے نتیجے میں سامنے آیا جس میں صدر ٹرمپ نے آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بُل کے ساتھ سختی اور کرختگی سے بات کی تھی اور ٹرمپ کے اُس غیر سفارتی طرز عمل پر آسٹریلیا میں خاصہ غصہ پایا جاتا ہے۔