01 جولائی ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ کمالیہ میں لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے کے دوران انہیں زندہ جلانے کی کوشش کی گئی، بعد میں جھوٹی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ بلوائیوں نے ان کے ڈیرے میں کھڑی 5گاڑیاں اور 37 موٹر سائیکلیں جلادیں، ہلاک ہونے والے بچے کی لاش بھی ان کے گھر سے دو میل دور ملی، اس کے قتل کا مقدمہ ان کے خلاف نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جان کو شدید خطرہ ہے،پولیس نے حملے پر صرف خانہ پری کی، جس کے بعد ان کی کردار کشی کی گئی اور جھوٹی ایف آئی آردرج کی گئی۔ ریاض فتیانہ نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس ر یٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے کے بھائی اور بیٹے ان کے خلاف سازش میں ملوث ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ ان سے زیادتیوں کا نوٹس لیں۔