پاکستان
01 جولائی ، 2012

نئے وزیراعظم بھی توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں، منور حسن

نئے وزیراعظم بھی توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں، منور حسن

لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ وزیراعظم راجا پرویز اشرف اپنے پیشرو وزیراعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سوئس عدالتوں کو خط لکھنے سے انکاری ہیں اور اسے آئین کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں، نئے وزیراعظم بھی توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندہ وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر محمد کمال، سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔سید منور حسن کاکہناتھا کہ آئین کی تشریح کا اختیار صرف عدلیہ کو حاصل ہے، خط نہ لکھ کر عدالتی حکم کی بار بار خلاف ورزی کی جارہی ہے، نئے وزیراعظم بھی توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ صدر زرداری نے پرویز اشرف کو سوئس بینکوں میں پڑی اپنی دولت کو تحفظ دینے کیلئے قربانی کا بکرا بنانے کیلئے وزیراعظم بنایا، پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کی مدد کا الزام لگانے والے امریکا او ر اس کے اتحادی افغانستان میں بھارت کے دوہرے کردار سے آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ سید منورحسن نے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، چیئرمین نیب کے مطابق روزانہ 6 سے 8 ارب کی کرپشن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر زرداری نے پرویز اشرف کو سوئس بینکوں میں پڑی اپنی دولت کو تحفظ دینے کیلئے قربانی کا بکرا بنانے کیلئے وزیراعظم بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے، آئندہ انتخابات میں عوام ان سے اپنی محرومیوں کا بدلہ چکائیں گے۔

مزید خبریں :