01 جولائی ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ملک میں پیٹرول ، ڈیزل اورسی این جی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری بیان کے مطابق لیاقت بلوچ کاکہناتھا کہ ٹرانسپورٹر ہربار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافے پر بے تحاشا کرائے بڑھا دیتے ہیں لیکن جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو کرائے کم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز پر دباوٴ ڈال کر کرائے کم کرائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے آج تک کسانوں کو کسی مد میں کوئی ریلیف یا سبسڈی نہیں دی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ رمضان المبارک میں آٹا ، گھی ، چینی ، دالوں ، بیسن پر حکومت سبسڈی دے کر ان کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی لائے۔