01 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی نے کارروائی کر کے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر 7ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 6ٹی ٹی پستول، منشیات اور چھینی گئی 2 گاڑیاں برآمد کر لی گئیں۔ سی آئی ڈی حکام کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور کار لفٹنگ کی وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 100 سے زائد مقد مات درج ہیں۔