03 جولائی ، 2012
کراچی… ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ جمعہ سے اتوار تک بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب ، خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر مزید 2روز تک برقرار رہیگی۔ جمعہ سے اتوار تک ملک کے بالائی علاقوں کشمیر،گلگت بلتستان،بالائی پنجاب ،بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہوااور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں گرمی اور آلودہ پانی کے استعمال سے پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہری پانی ابال کر استعمال کریں۔ بلوچستان میں جعفرآباد،نصیرآباد ، جھل مگسی، بولان اور سبی میں قیامت خیز گرمی اور حبس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔