03 جولائی ، 2012
لاہور… گوجرانوالہ میں 25 ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز کام پر واپس آگئے ہیں جب کہ بہاول پور اور فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے ہے۔ گوجرنوالہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 31ڈاکٹرز میں سے 25ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز ڈیوٹی پر واپس آگئے ہیں۔ ڈی سی او چوہدری امین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرزکی واپسی کے بعد آرمی ڈاکٹرز کی خدمات نہیں لی جارہی ہیں۔ فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں میں 18آرمی ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تمام بنیادی مراکز صحت کے ڈاکٹرزکو فیصل آباد میں تعینات کردیاگیا ہے جس سے مریضوں کومشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور میں ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف سرگودھا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی ہے۔ بہا ول پور میں ہڑتالی ڈاکٹرز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے گئے ۔۔پی ایم اے نے ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف 2گھنٹے ہڑتال کی اور وکٹویہ اسپتال میں سیاہ جھنڈے لہرائے۔ادھر محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کا کہناہے کہ صوبائی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں صورتحال کافی بہترہوگئی ہے،مزید125نئے ڈاکٹرز نے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں، جبکہ نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ آرمی کے ڈاکٹرز اور اسپیشلسٹ بھی تمام اسپتالوں کے او پی ڈیز اور ایمرجنسیوں میں مریضوں کو دیکھ رہے ہیں،جبکہ مریضوں کی سہولت کیلئے اسپتالوں میں کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیاگیاہے۔