03 جولائی ، 2012
پشاور… قائم مقام الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس شاکر اللہ جان نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستیں رواں ماہ مکمل کر لی جائیں گی، الیکشن کمیشن جولائی کے بعد عام انتخابات کے لئے تیار ہو گا۔ پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری میں تاخیر الیکشن کمیشن کی وجہ سے نہیں ہوئی بلکہ محکمہ شماریات نے اپنا کام ادھورا چھوڑ دیا جس کے باعث الیکشن کمیشن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جسٹس شاکر اللہ جان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انتخابی فہرستیں رواں ماہ میں مکمل کر لی جائیں گی الیکشن کمیشن جولائی کے بعد عام انتخابات کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کی نگرانی ہے جبکہ امن و امان کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔