01 فروری ، 2012
اسلام آباد … معاشی اور قرض پالیسی کی رپورٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق 4 سال میں مجموعی قرضہ 49 کھرب روپے بڑھ گیا۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2008 ء میں مجموعی قرض60 کھرب روپے تھا جو رواں سال تک بڑھ کر 109کھرب روپے سے زیادہ ہوگیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے قرض میں 4 کھرب روپے اضافہ ہوا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال بیرونی قرض 47 کھرب روپے ہے۔ رپورٹ کے مطابق سبسڈیز کی رقم مختص کی گئی رقم سے زیادہ ہے اور اس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جاری کی گئی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آمدنی کا 38 فیصد قرض اور سود کی واپسی پر خرچ ہورہا ہے، گزشتہ سال 852 ارب روپے قرض اور سود پر ادا کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت کے 4 سال میں اندرونی قرض 30 کھرب اور بیرونی قرض 19 کھرب روپے بڑھا۔ وزارت خزانہ کی معاشی اور قرض پالیسی کی رپورٹ کے مطابق تعلیم پر معیشت کا 1.8 فیصد اور صحت پر 0.6 فیصد خرچ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال اندرونی قرض 62کھرب روپے ہے۔