01 فروری ، 2012
کراچی … مغرب سے بارش کا سبب بننے والی ہوائیں جمعرات کو بلوچستان میں داخل ہوں گی جس سے جمعہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بارش و برفباری کا یہ سلسلہ 3 سے 4 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔ جمعرات کی شام شمال مشرقی بلوچستان اور ملاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش و پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کوسب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی13 ڈگری رہا۔ پارا چنار میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9، اسکردو اور گوپس منفی7، استور اور قلات منفی 6 رہا، کوئٹہ میں منفی4، گلگت منفی3، مری صفر، اسلام آباد 2، لاہور 6 ،پشاور5 اور کراچی12 ڈگری رہا۔