پاکستان
06 جولائی ، 2012

ملک بھر میں شب برات مذہبی عقید ت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ملک بھر میں شب برات مذہبی عقید ت و احترام کے ساتھ منائی گئی

اسلام آباد. .. . . .شب برات ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ مساجد اور گھروں میں عبادات اورقبرستانوں میں ایصال ثواب کے لیے لوگوں کا رش رہا۔شعبان کا ماہ مبارک اللہ کے فضل و کرم،اسکی عنایتیں، بخشش اور رحمتیں طلب کرنے کا مہینہ ہے۔ عربی میں براة کے معنی دوری اورخلاصی کے ہیں، اسی مناسبت سے یہ رات شب برات کہلاتی ہے۔ملک بھر کی مساجد میں بندگان خدا رات بھرعبادات میں مشغول رہے اور نوافل کی ادائیگی،قرآن خوانی اورذکرکے علاوہ محافل حمدونعت بھی منعقدکی گئیں۔شعبان کی پندرھویں رات میں آئندہ برس کے لئے ہر انسان کے رزق اورزندگی کے فیصلے ہوتے ہیں۔ اس شب نیک اعمال کے ذریعے مسلمان جہنم سے نجات حاصل کرتے ہیں۔لاہور میں شب برات کے موقع پر مساجد کوخوبصورتی سے سجایا گیا ،اہل ایمان کی بہت بڑی تعداد مساجد میں نوافل کی ادائیگی اور تلاوت قرآن پاک میں مصروف رہی۔۔ بعض مساجد میں نعت خوانی اور ذکر واذکار کی محافل کا انعقاد بھی کیا گیا۔شب برا ت کی مناسبت سے خواتین نے گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود گھروں میں میٹھے پکوان تیار کیے۔ خواتین اوربچے گھروں میں عبادت کرتے رہے۔حیدرآباد، جیکب آباد اور نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی مساجد میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا۔ مقدس رات کی برکتیں اوررحمتیں سمیٹنے مسلمان بڑی تعداد میں نوافل کی ادائیگی اوردیگر عبادات میں مصروف رہے۔ ملتان میں مختلف مساجد کو خوبصورت انداز سے سجایا گیا ہے اور لوگ رات بھر عبادت میں مصروف رہے۔







مزید خبریں :