06 جولائی ، 2012
اسلام آباد… امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال ہونے سے کئی دیگر معاملات بھی حل ہونے کی امید ہے تاہم پاک امریکا تعلقات میں ابھی کئی اہم مراحل ہیں۔،غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلے سے تعلقات کو کار آمد بناسکتے ہیں۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے کئی اور معاملات رک گئے تھیاور نیٹو سپلائی بحالی میں رقم کی وصولی یا ایسی کوئی بات نہیں تھی، پاکستانی بہت مہمان نواز لوگ ہیں مگر پاکستانی عوام کویہ بات پسند نہیں کہ انھیں کوئی حیثیت نہیں دی جائے۔شیری رحمان نے زور دیا کہ چوبیس فوجی جوانوں کی ہلاکت کوئی معمولی بات نہیں تھی۔انھوں نے واضع کیا کہ القاعدہ کے زیادہ تر شدت پسند پاکستان کے تعاون کی وجہ سے ہلاک کئے گئے اور پاکستان ان تمام غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف لڑائی کرے گا جو پاکستان کے خلاف ہونگے۔انھوں نے بتایا کہ پاک فوج کی فی الحال یہ ترجیح ہے کہ ان شدت پسندوں کا خاتمے کیا جائے جو سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔شیری رحمان نے افغانستان کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔