06 جولائی ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے چھاپہ مارکارروائی کرکے قیمتی نوادرات سے بھرا کنٹینرپکڑ کر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ پولیس کے مطابق کورنگی میں واقع عوامی کالونی میں پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرکے نوادرات سے بھرا کنٹینر پکڑکر ڈرائیور اور کلینر کو گرفتارکرلیا۔ نوادرات میں قیمتی مورتیاں شامل ہیں جو کنٹینر میں دوسرے سامان کے ساتھ چھپائی گئی تھیں۔ پولیس نے زیرحراست ڈرائیور اورکلینر سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام نوادرات ابراہیم حیدری کے علاقے میں واقع ایک گودام میں پیک کی گئیں جنھیں سیالکوٹ بھیجاجارہاتھا ۔ کنٹینر ڈرائیورکا کہنا ہے سامان کا مالک عاطف بٹ نامی شخص ہے۔ پولیس نے مورتیوں کو جانچنے کیلئے محکمہ آثارقدیمہ سے رابطہ کرلیاہے جس کے بعد ہی ان کی مالیت اوراہمیت کا پتہ چل سکے گا۔