02 فروری ، 2012
لاہور… لاہور میں دواوٴں کے ری ایکشن سے آج دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کوفولینک ایسڈ شروع کرا دی گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نئی دوائی کے استعمال سے مریض جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ آج دواوٴں کے ری ایکشن سے لاہور میں 55 سالہ سید عباس اور 67 سالہ ظفر دم توڑ گئے۔ دونوں اموات سروسز اسپتال میں ہوئیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ملنے والی دواوٴں کے ری ایکشن سے متاثرہ چار سو سے زائد مریض مختلف سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ گذشتہ روز آئیسو ٹیب میں اینٹی ملیریا دوائی کے انکشاف کے بعد طبی ماہرین نے مریضوں کے لئے فولینک ایسڈ انجکشن تجویز کیا تھا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چار روز بعد بھی چیف ایگزیکٹو اور ایم ایس کا تقررنہیں ہو سکا جس کے باعث اسپتال میں معمول کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ ادھر پی آئی سی میں متبادل دواوٴں کے لئے آنے والے مریضوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔