30 مئی ، 2017
28مئی کو امر یکی صدر اپنے پہلے غیر ملکی دورے کو مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ۔ اب میڈیا کو بھی یقین ہے کہ جہاں ڈونلڈ ٹرمپ، وہاں دلچسپ اورغیر متوقع خبریں ا ن کی منتظر ہوںگی ۔ کبھی ان کے ٹوئیٹر پیغامات، تو کبھی ان کے بیانات اور تو اور کبھی وہ اپنی باڈی لینگوئج سے ہی شہ سرخی بن جاتے ہیں۔
پہلے بیرون ملک سفر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر خوب خوب دھاک بٹھائی ۔ کبھی ٹرمپ کہنی مارتے پکڑے گئے تو کبھی ہاتھ ملاتے ہوئے جوان ایمینوئل میخواںسے پنجہ لڑا بیٹھے ۔ اور ان کی بیگم میلانیا ٹر مپ تو ہیں ہیـ ’حسن کرشمہ ساز‘۔ صدر کے بڑھتے ہاتھ کو ادا سے جھٹک کر مسکراتی رہیں ۔یقیناً اس وقت بہت سے پاکستانی حضرات کو ٹرمپ کی مظلومیت پر رونا آیا ہوگا ۔
الیکشن مہم سے لے کر غیر ملکی دورے تک ، انھوں نے ثابت کیا ہے کہ ان کی ہر’ ادا‘ نرالی ہے ۔سی این این کے مطابق پچھلے108 سالوں میں" روزویلٹ سے کر’ باراک اوباما‘ تک یہ پہلا موقع تھا جب کسی امریکی صدر کی پہلی غیر ملکی پرواز مشرق وسطی کے ساتھ ساتھ تینوں ابراہیمی مذاہب اسلام ، یہودیت اور عیسایت کی جانب تھی ۔
’ہوم بڈی ٹرمپ‘نو روزہ ہنگامی دورے پر سعودی عرب ،اسرائیل، فلسطین اور ویٹیکن سٹی کے ساتھ ساتھ برسلز اور پھر سسلی پہنچ کر’ میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے‘ گنگنا تے رہے اور عرب و یورپ کو امن و آشتی کے درس دیتے رہے ۔
یہ تو سب جانتے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ابتدا میکسیکو سے نہیں ہوگی لیکن نہ" کینیڈا"نہ ہی" پناما" بلکہ "ریاض "کی مٹی ان کی قدم بوسی کرے گی ،اس پر سب حیران تھے۔
سعودی عرب پہنچتے ہی مسلم امہ ان کے زیر عتاب آنے کے بجائے، زیر سایہ آگئی ۔ٹرمپ نے سعودی قیادت اور 54 مسلمان سربراہان سے خطاب میں کہا ’ نیکی ، بدی اور انتہا پسندی کے خلاف ان کے ہم قدم اور ہم آواز بن جائیں ۔ طرفہ تماشہ یہ ہے کہ ان کی اس تقریر اور مشہور زمانہ سات اسلامی ممالک پر پابندی کا ڈرافٹ لکھنے والے خالق ایک ہی شخصیت اسٹیفن ملر تھے ۔
اسرائیل کی مجال دیکھیں ! امریکا سے’ ڈو مور‘ چاہتاہے۔ اسرائیل کا آنکھیں دکھانا بنتا بھی ہے ۔ نہ تل ابیب سے ایمبسی منتقل کی، نہ ہی فلسطین اسرائیل کے تاریخی تنازع میں اسرائیلی حمایت یافتہ ایک ریاستی فارمولے کو ٹرمپ نے آگے بڑھایا اور سونے پر سہاگا صدر صاحب ،پیوٹن کی محبت میں اسرائیلی انٹیلی جنس کے شام پر دیئے گئے راز افشاں کر بیٹھے ۔
ٹرمپ کی فیملی میں کیا رنگا رنگی ہے ،خود اور بیگم کیتھولک مسیحی اور بیٹی اور داماد یہودی ۔ اب داماد کی ناز برداری صرف مشرق کا شیوا نہیں بلکہ امریکی صدر کو بھی داماد کا منہ بند کرنے کے لیے یروشلم جانا پڑا۔
بحیثیت صدر وہ پہلے امریکی ہیں جنھوں نے مغربی کنارے پر واقع یہودی مقام مقدس ’دیوار گریہ‘ کو چھوا۔ اس دورے سے مشر ق وسطی کے ٹھہرے ہوئے پانی میں ہلچل ضرور مچی لیکن اب نہر سوئز کا پانی ایک بار پھرپرسکون ہے۔
ویٹیکن سٹی جوکیتھولک مسیحیوں کا مرکز ہے اور 1929سے آبادی اور رقبہ کے لحاظ سے دنیا کی سب سے چھوٹی ریاست ہے ۔ 80 سالہ پاپ فرانسیس اپنے دلچسپ جملوں سے جانے جاتے ہیں لیکن ٹرمپ کے ساتھ سنجیدہ ہی رہے۔ ٹرمپ کے لئے پاپ فرانسیس کے سامنے خود کو امن کا داعی ثابت کرنا ،وہ بھی صرف30 منٹ میں یقین زیادتی تھی ۔
پوپ فرانسس اور امریکی صدر کے ماضی کے اختلافی ٹوئیٹ کو، میڈیا نے باسی کڑھی ہی طرح تازہ کیا ۔ لیکن یہ سمجھ سے باہر تھا کہ میلانیااور ایوانکا ٹرمپ کا پاپ کے سامنے سر ڈھاپنےکو کیوں آل سعود سے جوڑا گیا؟ سب نے دیکھا کہ سعودی ثقافت میں غیر ملکی خواتین سے ہاتھ ملانا بھی ٹھیک ! ہاںد یوار گریہ اور پاپ کی بات الگ تھی۔