09 جون ، 2017
آواز کی شان سروں کے حکمران اور باکس آفس کا سلطان ایک بار پھردونوں مل کر سب کا دل جیتنے آرہے ہیں۔
سلمان خان کی ٹیوب لائٹ کا ایک اور’سرپرائز‘ راحت فتح علی خان کی آواز میں گانا ’تنکا تنکادل میرا‘ ہے جس کی ریلیز کا سب کو بے چینی سے انتظار ہے۔
سلمان کو جب بھی آواز کی ’راحت‘ ملی ان کے گانے چارٹ بسٹرز ہوئے ہیں، سلمان خان کیلئے راحت فتح علی خان نے سب سے پہلے فلم ’میں اور مسز کھنہ‘میں گانا گایا تھا، یہ گانا ’ربا‘2008ءمیں ریلیز ہوا تھا۔
اگلے ہی سال سلمان کی فلم’لندن ڈریمز‘ میں بھی راحت کی آواز تھی لیکن ان کے دوست اجے دیوگن کیلئے، اسی سال فلاپ فلم ’ویر‘ کے سپر ہٹ گانے ’سریلیوں انکھیوں والے‘نے دھوم مچادی، یہ گانا نہ صرف سپر ہٹ ہوا بلکہ موسیقی کے استادوں نے بھی اسے بڑا پسند کیا۔
سن 2010ء میں’دبنگ‘ نے سلمان کا کیریئر ہی بدل دیا ،سلمان کی سو کروڑ کی پہلی فلم میں راحت کے گانے ’تیرے مست مست دو نین‘ میں سلمان پر راحت کی آواز خوب جچی، دبنگ کے بعد سلمان کی ’ریڈی’ میں بھی راحت فتح علی کا گانا ’میری ادا بھی‘ تھا۔
سال2011ء میں ہی ’باڈی گارڈ‘ کے گانے ’تیری میری میری تیری‘ سے دونوں نے سب کو اپنا دیوانہ بنایا ، یہ گانا فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد بھی ہواتھا، اگلے سال سلمان ’دبنگ2‘ لائے، اس فلم میں راحت کے گانے ’دغا باز رے‘ نے چارٹس پر سب کو اپنا فین بنایا۔
مسلسل چار سپر ہٹ گانوں اور فلموں کے بعد ایک لمبا وقفہ آیا، سلمان کی ایک تھا ٹائیگر، جے ہو اور کِک راحت کے گانوں کے بغیر ریلیز ہوئیں۔
دونوں پھر ایک ساتھ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ میں ہوئے، جس کے بعد ٹیوب لائٹ میں دونوں کے سپر ہٹ گانوں کی دوسری ہیٹ ٹرک ہوجائے گی۔
راحت کی آوازویسے تو بالی وڈ کے کئی ہیروز پر استعمال کی گئی لیکن سب سے زیادہ ان کی آواز سلمان خان، شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن پر پسند کی گئی۔
راحت فتح علی خان نے 2003ء میں فلم ’پاپ‘ کیلئے بالی وڈ کا پہلا گانا گایا تھا، وہ اب تک 80سے زائد بالی وڈ فلموں کو اپنی آواز دے چکے ہیں۔
راحت پاکستان کے وہ پہلے فنکار ہیں جنہوں نے بھارتی فلم فیئرایوارڈ جیتا،انہیں فلم ’عشقیہ‘ کے گانے ’دل تو بچہ ہے جی‘ کیلئے یہ اعزاز دیا گیا تھا۔
راحت کے بعد پاکستانی راک اسٹار فواد خان نے فلم خوبصورت کیلئے بہترین نئے اداکار کا ایوارڈ جیتا، راحت کا ہی ویڈیو سانگ ’ملنا بھی ضروری تھا‘ بالی وڈ کی تاریخ کا پہلا غیر فلمی گانا ہے جس نے یو ٹیوب پر 20کروڑ سے زیاہ ہٹس حاصل کی ہیں۔