09 جولائی ، 2012
کراچی…2009 میں اساتذہ کی اسامیوں کیلئے ٹیسٹ دینے والے امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاوٴس جانے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے واٹر کینن اور لاٹھی چارج کا استعمال کرکے روک دیا ۔سندھ یونیورسٹی کے تحت 2009 میں پرائمری ٹیچر کا ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں نے نوکریاں نہ ملنے کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے وزیر اعلیٰ ہاوٴس جانے کی کوشش کی مظاہرین جیسے ہی فوارہ چوک پہنچے پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا،جس کے باعث کئی مظاہرین گرگئے ،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کا نام ویٹنگ لسٹ میں شامل تھا اب آنے والی اسامیوں پر پہلے ان کو نوکری دی جائے۔