11 جولائی ، 2012
کراچی … وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی حیدرآباد میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ایک لاکھ نوجوانوں کو انٹرین شپ پروگرام کے ذریعے مختلف صنعتوں میں فنی تربیت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی میں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرزکے اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کے اندر و بیرون ملک مختلف شعبوں میں فنی تربیت یافتہ افراد کی بہت اشد ضرورت ہے، موجودہ حکومت صنعتی، فنی، ہنر مند اور سماجی شعبے کیلئے نوجوانوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان شعبوں کی ضروریات پوری کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام اور دیگر منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کیلئے کئی منصوبے جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 4 سالوں کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے جن میں سے اکثر کو سرکاری اور نجی شعبے سمیت بڑی صنعتوں میں ملازمتیں مل گئی ہیں۔ اجلاس میں صوبائی اپرینٹس شپ بل سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا۔