پاکستان
12 جولائی ، 2012

سینیٹ: لاہور میں ہلاکتیں، اے این پی، جے یو آئی، ق لیگ کا واک آوٴٹ

سینیٹ: لاہور میں ہلاکتیں، اے این پی، جے یو آئی، ق لیگ کا واک آوٴٹ

اسلام آباد … لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف اے این پی، جے یو آئی ف اور مسلم لیگ ق نے سینیٹ اجلاس سے واک آوٴٹ کیا۔ سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت سے کہیں گے کہ پنجاب سے تمام پختونوں کو واپس بلا لیں جس پر ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ صوبائی تعصب کو ہوا دی جا رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اے این پی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ لاہور میں خیبر پختونخوا کے پولیس اہلکاروں کا قتل پنجاب حکومت کی ناکامی ہے۔ انہوں نے پورے ایوان سے واک آوٴٹ کا مطالبہ کیا اور اپنی پارٹی کے سینیٹرز کے ہمراہ واک آوٴٹ کر گئے۔ ان کے بعد جے یو آئی ف کے سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا کو لاشوں کا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے بھی تمام جماعتوں سے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی اور واک آوٴٹ کر گئے۔ مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا نے بھی ان کی حمایت کی اور ان کی پارٹی کے سینیٹرز بھی واک آوٴٹ کر گئے۔ میاں رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ لاہور میں مرنے والے پختون نہیں ، پاکستانی تھے، لسانیت مناسب نہیں ، عالمی سازشوں کو مل کر بے نقاب کرنا ہوگا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایوان میں قاتلوں کو برا بھلا کہنے کی بجائے پنجاب حکومت پر نا مناسب تنقید کی گئی اور یہ نہیں سوچا گیا کہ حملہ کرنے والے کون سی زبان بول رہے تھے، لاہور اور پنجاب کے عوام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے خیبر پختونخواہ حکومت کو مشترکا تحقیقات کی دعوت دی۔ بعد میں اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزید خبریں :