30 اگست ، 2017
کراچی: مون سون کے نئے سسٹم نے اندرون سندھ میں بارشیں برسانا شروع کردی ہیں جب کہ کراچی کے مختلف مقامات پر بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ہے۔
کراچی شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں کی بجلی بھی معطل ہو گئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
حیدرآباد، تھرپارکر، ننگر پارکر اور نوابشاہ میں بھی شدید بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے جمعے تک حیدرآباد، میرپور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں آندھی کے ساتھ بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی جمعے تک موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات پر بنا ہوا بارش کاسسٹم شدت اختیار کررہا ہے۔ ممبئی میں بارش برسانے والا اور راجستھان میں بننے والا سسٹم ایک ہوچکے ہیں، اب یہ ایک ہی سسٹم ہے جو جنوب مشرقی سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکا کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی سندھ میں سندھ کی ساحلی پٹی اور تھرپارکر کا علاقہ آتا ہے اور سسٹم کےشدت اختیار کرنے کی وجہ سے اس کی رفتار سست ہے، بہت محتاط اندازہ بھی لگایا جائے تو بارش اب رات تک ہوگی۔
شہر میں ممکنہ بارش کے پیش نظر ایمرجنسی نمبر جاری کیے گئے ہیں۔
ایدھی انفارمیشن کے لیے115، 02132310066، 02132310077 پر کال کریں۔
پولیس ہیلپ لائن کے لیے 15، 02199212652،02199212634 پر کال کریں۔
فائر بریگیڈ کے لیے 16، 02199215007، 02199215008 پر رابطہ کریں۔
بجلی سے متعلق شکایات کے لیے 118 پررابطہ کریں۔
ریلوے انکوائری کے لیے 02199213565 پرکال کریں۔
پی آئی کی انکوائری کے لیے 02199071284، 02199071259 پر کال کریں۔
ایئرپورٹ فلائٹ انکوائری کے لیے114 پرکال کریں۔
لاہور میں موسلا دھار بارش سے ہر طرف جل تھل ہوگیا
دوسری جانب اندرون سندھ میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ بدین کے ساحلی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ حیدرآباد میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جہاں لطیف آباد اور قاضی قیوم روڈ پر تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
تھرپارکر، ننگرپارکر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے جب کہ نوابشاہ اور ٹنڈوالہیار میں بادل خوب برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
ادھر لاہور میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، شہر میں ایئرپورٹ، کینٹ، ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔