پاکستان
Time 02 ستمبر ، 2017

ہمیں جہاں سے دھمکیاں ملتی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، فاروق ستار


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے خواجہ اظہار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہ کہا ہمیں کئی اطراف سے دھمکیاں ملتی ہیں، لندن سے جس طرح کے آڈیو کیسٹ اور وڈیو پیغام آتے ہیں سب کے سامنے ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں جہاں سے دھمکیاں ملتی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ہمارے نمائندوں اور اراکین اسمبلی کی سکیورٹی ناقص ہے۔ ہم میں سے کسی کو کچھ ہوا تو ذمے داری سندھ حکومت کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں میں کئی معاملات کو لے کر غم و غصہ اور اشتعال ہے، اگر ہمارے خلاف کوئی سازش کامیاب ہوگئی تو کراچی میں کیا ہوگا؟

ا س موقع پر رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت کو ان مسائل پرتوجہ دینی چاہیے ورنہ شہر خطرے میں رہے گا ۔

میئر کراچی وسیم اختر نے بھی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں تہیہ کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔

وزیر داخلہ کا نوٹس

وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی خواجہ اظہار الحسن پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیرداخلہ سندھ نے خواجہ اظہارالحسن سےرابطہ کرکے ان کی خیریت بھی دریافت کی ہے۔

مزید خبریں :