13 جولائی ، 2012
اسلام آباد … اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نہ ہوسکا جس کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں 8 ایڈیشنل ججز کے بارے میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشارت حتمی ہو گئی ہیں۔ ججز تقرر قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث منعقد نہ ہو سکا، کمیٹی کے 8 میں سے صرف 3 ارکان آفتاب شعبان میرانی، اسحاق ڈار اور سردار مہتاب عباسی اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے۔ جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز جسٹس خالد محمود، جسٹس نثار حسن خان، جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس قیصر رشید کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع جبکہ مسز قیصر ارشاد، شاہ جہان اخونزادہ، روح الامین خان اور اسد اللہ خان چمکنی کی بطور ایڈیشنل ججز تعیناتی کی تجویز دی تھی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آفتاب شعبان میرانی نے بتایاکہ کمیشن کی سفارش پر غور کی 14 روزہ آئینی مدت ختم ہوگئی ہے، اس لئے اب ججز کے نام ازخود وزیراعظم کو چلے جائیں گے۔