پاکستان
13 جولائی ، 2012

میں نے کبھی نہیں کہا کہ سوئس حکام کو خط نہیں لکھیں گے، قمر زمان کائرہ

 میں نے کبھی نہیں کہا کہ سوئس حکام کو خط نہیں لکھیں گے، قمر زمان کائرہ

اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ سوئس حکام کو خط نہیں لکھیں گے، ہمیشہ سے ایک ہی موٴقف ہے کہ آئین کے مطابق خط لکھا ہی نہیں جاسکتا، میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گی تو تمام ادارے مضبوط ہوں گے، تمام اداروں نے ملکر جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ سمیت تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں قابل احترام ہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ خط نہیں لکھیں گے،ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ آئین کے مطابق خط لکھا ہی نہیں جاسکتا۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ میں نے یہ کہا تھا کہ معاملہ کابینہ میں ہے، وفاقی وزیر قانون کے جائزے کے بعد کابینہ فیصلہ کرے گی، عدالت کے سامنے ان کا پورا جملہ پیش نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتیں ہمیشہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہتی ہیں، ہمارا عدلیہ سے کوئی ٹکراوٴ نہیں، اداروں کے آپس میں ٹکراوٴ سے نقصان عوام، حکومت اور سیاسی جماعتوں کا ہوتا ہے جبکہ ملک بھی بہت پیچھے چلا جاتا ہے۔

مزید خبریں :